سابق چیف آف آرمی جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے میرے کچھ سوالات
باجوہ صاحب! اگر آپ کو گمنامی میں چلے جانے کی خواہش تھی تو پھر اب یہ کبھی دوستوں کے ذریعے، کبھی کسی ذرائع کے ذریعے اور کبھی کسی من پسند صحافی کے ذریعے صفائیاں دھلائیاں دینے کی کیا ضرورت ہے؟
چار دن ہوئے نہیں آپ کو گھر گئے اور آپ کو پھر چسکہ ہے خبروں میں رہنے کا۔
کہنے والے کہتے ہیں
کہ آپ کو پراجیکٹ عمران خان ورثے میں ملا تھا اور ن لیگ نے بھی آپ کو پچھلے چیفس کے غصے میں اسی طرح ڈیل کیا لیکن میرے کچھ سوالات ہیں:
چلیں مان لیتے ہیں کہ آپ کو پراجیکٹ عمران خان وراثت میں ملا تھا اور ن لیگ کے وزیراعظم کا رویہ آپ کے ساتھ بہت سے شکوک لیے ہوئے تھا؛ تو آئینی طور پر توآپ کا کام یہ بنتا تھا نا کہ اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے اور سیاست میں کوئی کردار ادا کرنے کی بجائے غیرسیاسی رہ کر اپنے آپ کو ثابت کرتے کہ آپ پر شک غلط ہے؟
پراجیکٹ عمران خان وراثت میں ملا تھا نا لیکن ڈاکٹرائن تو آپ نے خود لکھی تھی نا یا کسی نے ڈنڈے کے زور پر لکھوائی تھی؟
من پسندصحافیوں، اینکرز اور یوٹیوبرز کے ساتھ ہر کچھ عرصے بعد جی ایچ کیو میں کئی کئی گھنٹے کی گفت و شنید تو آپ خود کرتے تھے نا؟ صبح سویرے اٹھ کر بغض بھرے صدیق جان کا ولاگ کوئی بندوق کی نوک پر تو نہیں سنواتا تھا نا؟ فیض آباد دھرنے والوں کو اپنے لوگ کہہ کر حکومت کی مدد کرنے سے خود ہی انکارکیا تھا نا؟ سیاسی انجینئرنگ کے ذریعے ن لیگ کے امیدوار تو آپ کی سربراہی میں ہی توڑے گئے تھے نا؟ آر ٹی ایس آپ کی ہر سرکردگی میں بٹھایا گیا تھا نا؟ دشمن کو ووٹ کی پرچی سے شکست دینے کی خواہش آپ کی ہی تھی نا؟ معیشت پر بھاشن آپ ہی دیا کرتے تھے نا تو پھر اپنا پپٹ مسلط کر کے معیشت کیوںنہیں ٹھیک کر لی؟ عدالتوں کے پیچھے کھڑے ہونے کا دعویٰ آئی ایس پی آر آپ کے مشورے سے ہی کرتا ہو گا نا؟ سیم پیج آپ کی رضامندی سے ہی قائم تھا نا؟ اور عمران خان کے سیاسی مخالفین کے خلاف مقدموں اور گرفتاریوں میں آپ کی مرضی شامل تھی ہی اور آپ نے خود یا اپنے سہولت کاروں کے ذریعے عمران خانگلیاں سُنجیاں کر کے دی تھیں۔
آج آپ اپنی صفائیوں میں کچھ بھی کہیں اور کسی ذریعے سے کچھ بھی کہلوائیں اصل بات یہی ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے آپ پورے پورے ذمہ دار ہیں۔ ہو سکتا ہے اپنے ہی محکمے یا آپ کے الفاظ میں آپ کے ادارے یا کور کمانڈرز کے دباؤ نے آپ کو غیرسیاسی ہونے کااعلان کرنے پر مجبور کیا ہو لیکن جاتے جاتے بھی آپ وراثت میں ملے پراجیکٹ عمران خان کے لیے سہولت کاری کرنے سے باز نہیں آئے تو پھر اتنی صفائیاں کیوں دیتے پھرتے ہیں؟